کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بھتہ خوری، اقدام قتل، پولیس مقابلہ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں مجرم سیف الرحمن عرف عصمت اﷲ کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 26 سال قید، 1 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جرمانے کی رقم کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید 2 سال کی سزا بھگتنا ہوگی اسی مقدمے میں دیگر 2 مفرور ملزمان عمران اور فیض محمد عرف فیضو کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔
سماعت میں مجرم کو جیل لا کر پیش کیا گیا ۔مجرم سیف الرحمن عرف عصمت اﷲ کو بھتہ خوری کے الزام میں 7 سال، 50 ہزار جرمانہ اور جرمانے کی رقم کی عدم ادائیگی پر 6 ماہ قید، غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 7 سال، 20 ہزار روپے جرمانہ اور جرمانے کی عدم ادائیگی پر 6 ماہ، دہشت گردی ایکٹ میں 10 سال اور 20 ہزار روپے جرمانہ، عدم ادائیگی پر 6 ماہ جبکہ پولیس مقابلے کے الزام میں 2 سال قید اور 20 ہزار روپے جرمانے اور جرمانے کی رقم کی عدم ادائیگی پر 6 ماہ کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
استغاثہ کے مطابق مجرم نے 23 ستمبر 2013ء کو اپنے مفرور ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ سچل کی حدود سے دکان دار الطاف حسین سے 10 ہزار روپے بھتہ مانگا، بعدازاں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد مجرم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تاہم اس کے دو ساتھی بھاگ نکلے۔