کراچی (جیوڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئیڈیاز 2014ء کے حوالے سے کیے جانے والے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو فائنل کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ، ڈی آئی جی ویسٹ، طاہر نوید اور ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق کے علاوہ کراچی رینج کے تمام ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز، اے سی ایل سی اور تفتیشی اداروں کے افسران موجود تھے۔
کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شرکاء کو مذکورہ ایونٹ کی اہمیت کے حوالے سے بتایا اور کہا کہ اگلے ہفتے دنیا بھر کے 40 سے زائد ممالک کے وفد اس نمائش میں شرکت کرینگے تمام ممالک نے اپنے وفود کو بھیجنے کی تصدیق بھی کردی ہے، میٹنگ میں چار روزہ نمائش کے حوالے سے پولیس کی تعیناتی کے عمل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے
جن میں 22ایس ایس پیز، 35ڈی ایس پیز، 54 این جی اوز، 1677 پولیس کانسٹیبلز اور ہیڈ کانسٹیبلز، 30 خواتین اسٹاف، 836 موبائل اسٹاف شامل ہونگے جن کے ہمراہ ریپڈ رسپانس فورس اور مختلف محکموں کے 3317 پولیس جوان تعینات ہوں گے، 100 سے زائد پولیس موبائل اور 30 موٹر سائیکلیں مذکورہ نمائش کی سیکیورٹی کے لیے اپنے فرائض انجام دیں گے۔