کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کا 48 واں یوم تاسیس آج ملک بھرمیں جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔
اس سلسلے میں مرکزی تقریب بلاول ہاؤس لاہور میں ہوگی، یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہم اس امرکا اعادہ کرتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور سیاسی تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہی لائی جا سکتی ہے۔
پارٹی کسی کو بھی اپنا ایجنڈا یا سیاسی فلسفہ، مذہب کی آڑ میں طاقت کے ذریعے مسلط کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو دی جانے والی دھکمیوں پر تشویش ہے۔ ہمارے تاسیسی اصول کہ جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، عوام کے ذہنوں پرنقش ہیں اور انھیں مٹایا نہیں جا سکتا۔
پارٹی ہر قسم کی سول یافوجی ڈکٹیٹرشپ کے خلاف ہے۔ اس موقع پر پارٹی اپنے تمام کارکنوں کی بے تحاشہ قربانیوں پر انھیں سلام پیش کرتی ہے۔
نمائندے کے مطابق آصف زرداری مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے گزشتہ روزلاہور پہنچ گئے۔ کراچی سمیت صوبے بھرمیں یوم تاسیس کی تقریبات ضلعی سطح پر منعقد کی جائیں گی جن میں کیک کاٹے جائیں گے اور پارٹی کی مقامی قیادت ان تقاریب سے خطاب کرے گی۔
ادھر چیئرمین سینیٹ نیر بخاری نے آصف زرداری سے ملاقات کی اور ان سے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پیپلز پارٹی لاہور کی جانب سے پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے مسلم ٹاؤن میں لگائے گئے کیمپ کو پولیس نے اکھاڑ دیا اور لاہور کے نائب صدر حاجی اقبال اور 9 کارکنوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گارڈن ٹاؤن تھانے میں بند کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاہور شہر کے مختلف چوراہوں پر لگائے گئے بینرز اور پوسٹرز بھی اتار دیے گئے۔
پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھر کی نے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور انھیں گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ انھیں فی الفور رہا کیا جائے۔