پولٹری مصنوعات کی درآمد پرعائد پابندی ہٹائی جائے : پاکستان کا یو اے ای سے مطالبہ

Poultry

Poultry

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے پولٹری مصنوعات کی درآمد پر عائد پابندی اٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے یہ مطالبہ پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسی عبداللہ الباشہ النعیمی سے یہاں ایک ملاقات میں کیا اور انہیں بتایا۔

کہ پاکستان پولٹری کی پیداوار میں خود کفیل ہے اور پولٹری مصنوعات متحدہ عرب امارات کو برآمد کرنا چاہتا ہے، عرب امارات پاکستان پر پولٹری کی برآمدات پر عائدپابندی اٹھائے۔ اس موقع پر دونوں ممالک میں تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک کے کاروباری افراد کے لیے ویزے کے عمل کو سہل بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان پولٹری کی پیداوار میں خود کفیل ہے اور پولٹری کی مصنوعات متحدہ عرب امارات کو برآمد کرنا چاہتا ہے ۔لہٰذا متحدہ امارات پاکستان سے پولٹری کی برآمد ات سے پابندی اٹھائے۔

وفاقی وزیر نے اماراتی سفیر کو آئندہ فروری میں کراچی میں منعقد ہو نے والی ایکسپو پاکستان میں شرکت کی دعوت دی اور کہاکہ وہ زیادہ سے زیادہ اماراتی کمپنیوں کو نمائش میں شرکت کی ترغیب دیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان دبئی میں آئندہ سال پاکستان نمائش منعقد کرے گا جس میں پاکستان کے مقامی برانڈز دبئی میں متعارف کرائے جائیں گے اور پاکستانی کلچر کی نمائش کے ذریعے برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔

عرب امارات کے سفیر نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں 23 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور عوامی فلاح کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، امارات صحت، پانی کی ترسیل، سول اور فنی کالجوں کے قیام، روڈ اور پلوں کی تعمیر کے متعدد فلاحی منصوبوں پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امارات برادر اسلامی ممالک ہیں اورمتحدہ عرب عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام جاری رکھے گا۔