شارجہ ٹیسٹ میں چھکوں کا عالمی ریکارڈ قائم

Sharjah, Test

Sharjah, Test

شارجہ (جیوڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شارجہ میں جاری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم شکست کے دہانے پر پہنچ گئی ہے لیکن دوسری جانب ایک عالمی ریکارڈ بھی قائم ہو گیا ہے۔ شارجہ ٹیسٹ میں پاکستانی بلے باز اسد شفیق نے چھکا لگایا تو یہ میچ 28 واں چھکا تھا جس کے ساتھ ہی می میں زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ بن گیا ہے۔

میچ میں اب تک مجموعی طور پر 29 چھکے لگ چکے ہیں جس میں نیوزی لینڈ کے ایک اننگ میں 22 چھکے شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے کپتان برینڈن میک کولم نے گیارہ چھکے لگائے۔

پاکستان نے پہلی اننگ میں پانچ چھکے لگائے تھے جبکہ دوسری اننگ میں اسد شفیق نے جب گیند کو فضاؤں کی سیر کراتے ہوئے باؤنڈری کے پار پہنچایا تو اس کے ساتھ ہی ایک ٹیسٹ میں زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ بن گیا۔

اس سے قبل کسی بھی ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ 27 چھکے 2006 میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان فیصل آباد میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں لگے تھے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی اننگ میں 690 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جو ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے رواں سال ویلنگٹن کے مقام پر ہندوستان کے خلاف 680 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگ ڈکلیئر کر دی تھی جو ان کا کسی بھی ٹیسٹ اننگ میں سب سے زیادہ اسکور تھا۔