دستار بندی کا فیصلہ والد نے اپنی زندگی میں کردیا تھا، شاہ محمود

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دستور اور خاندانی روایت ہے کہ دستار بڑے بیٹے کے سر پر با ندھی جاتی ہے، ان کی دستار بندی کا فیصلہ والد نے اپنی زندگی میں ہی کردیا تھا، دوسری جانب غوثیہ جماعت سندھ نے بھی شاہ محمود قریشی کی حمایت کردی ہے۔ حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی کے 775 ویں عرس میں زکریا کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انھوں نے کبھی آستانے اور جماعت غوثیہ کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا۔

مخدوم اور سجادہ نشین نہ کوئی بناتا ہے اور نہ کوئی ہٹاتا ہے ، یہ اللہ کا انعام اور فیصلہ ہے۔ گزشتہ روزان کے خلاف بیان دلوایا گیا تھا لیکن ان کی دستار بندی کا فیصلہ والد نے اپنی زندگی میں کردیا تھا۔ دوسری جانب جماعت غوثیہ سندھ کے عہدیدار ایم این اے سید کاظم علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حضرت غوث بہاوئوالدین کی گدی و دستار مخدوم شاہ محمود قریشی کے پاس ہے جس کی وہ حمایت کرتے ہیں۔

غوثیہ جماعت نے دونوں بھائیوں مخدوم شاہ محمود قریشی اور مخدوم مرید حسین میں اختلافات ختم کرانے کی کوشش کی تھی لیکن ان کے اختلافات ختم نہیں ہو سکے۔