عمران خان کی 16 دسمبر کو پورا پاکستان بند کرنے دھمکی

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے انتخابی دھاندلی پر ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے تو دکھا دیں گے کہ تحریک انصاف پورے پاکستان کا نظام کیسے بند کرتی ہے۔

انہوں نے 4 دسمبر کو لاہور، 8 دسمبر کو فیصل آباد، 12 دسمبر کو کراچی جبکہ 16 دسمبر کو پورا پاکستان بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹس کو نے میرے لئے کوئی دوسرا راستہ نہیں چھوڑا۔ اگر 16 دسمبر تک بھی ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو میں اپنا ”پلان ڈی” لے کر آئوں گا جس کے بعد حکومت کیلئے بہت مشکل ہو جائے گی۔

16 دسمبر کے بعد جو کروں گا وہ نواز شریف برداشت نہیں کر سکیں گے۔ جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے کیا پتا تھا کہ سب میچ فکسنگ میں ملوث تھے۔ سب نے 2013ء کے انتخابات میں مل کر پاکستان کا سب سے بڑا فراڈ کیا۔ قانون کے تمام راستے بند کرکے ہمارے لئے کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔ اگر ہم نے آج ان کیخلاف سٹینڈ نہ لیا۔

تو ہماری آنے والی نسلیں ان کے بچوں کی غلامی کرینگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے کہا جاتا ہے کہ میں حکمرانوں کیخلاف سخت زبان استعمال کرتا ہوں۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے قوم کا اربوں روپیہ چوری کیا تو میں انھیں چور اور ڈاکو نہ کہوں تو اور کیا کہوں؟۔ سابق صدر زرداری اور وزیراعظم نواز شریف کے پاس اقتدار سے پہلے کیا تھا۔

ان کے بزنس ایمپائرز کیسے بن گئے؟۔ عوام غریب سے غریب تر اور یہ امیر سے امیر تر ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے جس میں قوم کا پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے۔ اشتہارات پر عوام کا پیسہ بے دریغ خرچ کرنے پر ہم عدالت میں جائیں گے۔ پوچھیں گے کہ عوام کا پیسہ اپنی کرسی بچانے کیلئے کیوں خرچ کیا جا رہا ہے؟۔