لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ون ڈے کے لیے مصباح الحق اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے شاہد آفریدی کو کپتان برقرار رکھا ہے جب کہ ٹیم میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے یونس خان کو بھی شامل کیا گیا ہے اور ٹیسٹ سیریز کے دوران زخمی ہونے والے احمد شہزاد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اس کے علاوہ ناصر جمشید بھی ون ڈے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
نیوزی لینڈ سے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لئے قومی ٹیم کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ، یونس خان، احمد شہزاد، اسد شفیق، بلاول بھٹی، حارث سہیل، محمد عرفان، ناصر جمشید، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، عمر اکمل، عمر گل، وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر پر مشتمل ہے۔
قومی ٹیم اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے شاہد آفریدی کی کپتانی میں ٹیم احمد شہزاد، محمد حفیظ، انور علی، حارث سہیل، محمد عرفان، اویس ضیا، رضا حسن، سعد نسیم، سرفراز احمد، سہیل تنویر، عمر اکمل، عمر گل اور وہاب ریاض پر مشتمل ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچ 4 اور 5 دسمبر کو دبئی میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد 5 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 8 دسمبر سے شروع ہوگی۔