عمائمہ ملک نے ’’بریک تھرو پرفارمر آف پاکستانی سینما ایوارڈ‘‘ اپنے نام کر لیا

Humaima Malik

Humaima Malik

لاہور (جیوڈیسک) بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک نے پاکستان سے باہر ایوارڈز جیتنے کی روایت کو برقرار رکھا۔ اس مرتبہ عمائمہ نے بالی ووڈ کے معروف مصالحہ ایوارڈ 2014 میں بہترین بریک تھرو پرفارمر آف پاکستانی سینما کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ انھیں یہ ایوارڈ اپنی شاندار پرفارمنس کے ذریعے بالی ووڈ میں جاندار انٹری پردیا گیا ہے۔ انھوں نے اپنا ایوارڈ بالی وڈ میں کام کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کرنے والے اداکارعلی ظفر اور فواد خان کے علاوہ پاکستانی قوم کے نام کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دبئی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقدہ ایوارڈ تقریب میں جہاں بالی ووڈ کے معروف اسٹارز موجود تھے، وہیں مڈل ایسٹ سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔ مصالحہ ایوارڈ 2014‘ کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز عمائمہ ملک پر فلمائے گیتوں سے کیا گیا۔ بالی ووڈ جیسی دنیا کی دوسری فلم انڈسٹری کے اہم ایوارڈز میں پاکستان کے لیے ایوارڈ جیتنے والی عمائمہ ملک نے دبئی سے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اپنے سفر کے مختصر عرصہ میں جو کامیابیاں مجھے ملی ہیں، وہ سب میری ماں کی دعا اور فیملی کی سپورٹ کی بدولت ہے۔

میں نے بطور اداکارہ پاکستان میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور پاکستانی فلم میں حقیقت کے قریب تراداکاری کی اوراسی کی بناء پر مجھے بالی ووڈ میں کام کی آفرز کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ میں نے جب بالی وڈ میں قدم رکھا تو ایک ہی بات میرے زہن میں تھی کہ مجھے تعداد کے بجائے معیار پرتوجہ دینا ہے۔

مصالحہ ایوارڈ 2014ء کی خوبصورت تقریب میں مجھے جب ایوارڈ کے لیے اسٹیج پرمدعو کیا اور میرے نام سے پہلے پاکستان کا نام لیا تومیرا سرفخر سے بلند ہوگیا۔ یہ وہ لمحات ہیں جن کو تمام عمر نہیں بھلایا جاسکتا۔ عمائمہ ملک نے بتایا کہ بالی ووڈ اسٹار ابھیشک بچن، ورون دھون، فرح خان، ایکتا کپور اور جتندر کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔