لاہور (جیوڈیسک) بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کو 207 رنزکے بڑے مارجن سے زیرکرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں جاری ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن پاکستان کی فتوحات کا سفر جاری ہے۔
اور پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں انگلینڈ کو 207 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ جیمل نے صرف 95 گیندوں پر 33 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 188 رنز بناکر گرین شرٹس کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 446 رنز بنائے، حریف سائید 7 وکٹ پر 239 تک محدود رہی۔
ذیشان عباسی الیون نے روایتی حریف بھارت اور جنوبی افریقہ کے بعد گذشتہ روز انگلینڈ کو بھی زیر کر کے ٹائٹل کی طرف ایک اورقدم بڑھایا، کے وائی ایم سی اے کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اور8 وکٹ پر 446 رنز بنائے، ظفراقبال کی وکٹ آغاز میں ہی گرنے کے بعد محمد جمیل اور اکرم نے بیٹنگ کو سہارا دیا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف میں اسٹروکس کھیلتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا، دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 204 رنز بنے، جیمل نے صرف 95 گیندوں پر 33 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 188 اسکور کیا۔
اکرم 96 رنز بنانے میں کامیاب رہے، عامر اشفاق نے60 کی اننگز کھیلی، انگلینڈ کے کیوک سگ نے 2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور ایک ایک کر کے اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔
اور مقررہ 40 اوورز میں7 وکٹوں پر 239 رنز بنا سکی، صرف 21 کے اسکور پرانگلینڈ کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، میتھو ڈین 68 اور جسٹن 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسرار حسین اور ساجد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، پاکستان ورلڈ کپ کا چوتھا میچ پیر کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا۔