سکھر (جیوڈیسک) جمیعت علمائے اسلام نے پانچ دسمبر کو ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کر دیا ، مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر خالد سومرو کی شہادت قومی سانحہ ہے ، غفور حیدری کہتے ہیں مولانا فضل الرحمان پر اب تک تین حملے ہو چکے ہیں ، سیکورٹی اداروں نے حملوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
سکھر میں جمیعت علمائے اسلام کے مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ڈاکٹر خالد سومرو کی شہادت قومی سانحہ ہے۔ یکم مارچ 2015 کو اسلام آباد میں بڑا مظاہرہ کریں گے ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہم ملک کی سب سے بڑی جماعت ہیں ، ہمیں ملک کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے اے ٹو زیڈ سارے پلان ناکام ہوں گے۔ جمیعت علمائے اسلام کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا مولانا فضل الرحمان پراب تک تین حملے ہو چکے ہیں۔ افسوس کہ سیکورٹی اداروں نے مولانا فضل الرحمان پر حملوں کے بارے میں آج تک کچھ نہیں بتایا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا سندھ میں 5 دسمبر کو اضلاع کی سطح پر مظاہرے ہوں گے۔