مالدووا میں پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹنگ، روس نواز پارٹی پر پابندی برقرار

Moldova

Moldova

چیسیناﺅ (جیوڈیسک) سابق سویت یونین سے آزادی حاصل کرنے والی خودمختار ریاست ملدووا میں پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہوئی جبکہ نتائج کا اعلان کل متوقع ہے، اس موقع پر روس نوازپارٹی پر پابندی برقراررکھی گئی، اتوار کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق یورپ نواز سیاسی اتحاد کے مقابلے میں کمیونسٹ پارٹی کی کامیابی کا امکان زیادہ ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کی قیادت سابق صدر ولادیمیر ورونِن کر رہے ہیں، تجزیہ کاروں کے خیال میں ورونِن کی ممکنہ کامیابی کی وجہ ان کے دور میں پایا جانے والا معاشی استحکام تھا۔

کمیونسٹ پارٹی بھی یورپی ادغام کی حامی ہے لیکن ماسکو کے ساتھ بھی تعلقات کو بہتر کرنے کی خواہشمند ہے۔ مالدووا کے یورپ نواز وزیراعظم یوری لیانکایورپی یونین کے ساتھ گہرے روابط کے حامی ہیں اور انہوں نے اپنے ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے یورپی اقوام کے سرمائے کو بھی استعمال کیا۔ وہ انتخابی مہم کے دوران ووٹرز کو اپنے اصلاحاتی پروگرام کے حق میں قائل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ کامیابی کی صورت میں وہ کرپشن کے خلاف بھرپور اقدامات کریں گے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار حالات پیدا کیے جائیں گے۔ دارالحکومت کیشینا کے قریب انتخابی مہم کی اختتامی تقریر میں ان کا کہنا تھا کہ مالدووا کو یورپ میں شامل کرنے والوں کی اپنی ووٹ سے حوصلہ افزائی کریں۔

مالدووا کے یورپ نوازوں کا خیال ہے کہ ان کے ملک میں یورپی یونین سے متاثر ہو کر شروع کی جانے والی سماجی و اقتصادی اصلاحات کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور مالدووا کے شہریوں کو دوسری یورپی اقوام کے ساتھ سماجی و معاشرتی تعلقات بہتر کرنے کا جہاں موقع ملے گا وہاں ٹرانسنِسٹریا کے تنازعے کے حل کی جانب بھی قدم بڑھ سکتے ہیں۔