اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے گزشتہ روز مذاکرات کی بات کی لیکن آج پھر وہ پرانی حرکتوں پر اتر آئے ہیں تاہم اب بھی وقت ہے وہ راہ راست پر آ جائیں۔
ایک بیان میں پرویز رشید نے کہا کہ مذاکرات کے لئے ہمارے دل اور دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور وزیراعظم نواز شریف نے اسحاق ڈار کو مذاکرات بحال کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
لیکن عمران خان ایک دن قبل کہی ہوئی بات سے بھی مکر جاتے ہیں جس طرح انہوں نے کل مذاکرات کی بات کی لیکن آج پھر پرانی حرکتوں پر اتر آئے تاہم اب بھی وقت ہے کہ وہ راہ راست پر آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے حویلیاں کے جلسے نے عمران خان کے ذہن پر برا اثر ڈالا ہے جبکہ ہمیں معلوم نہیں کہ وہ کس کے کہنے پر احتجاجی سیاست میں گئے ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر روز حکومت اور وزیراعظم کے خلاف جھوٹ بولتے ہیں اور انہوں نے نواز شریف کے بھارت میں کاروبار کا بھی جھوٹ بولا جبکہ ایسا کچھ نہیں ہے لہٰذا عمران خان مزید جھوٹ بول کر اور شرمندہ نہ ہوں۔