کراچی : گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ نہ قرار دے کر وفاقی وزیر اطلاعات نے آئین پاکستان کیساتھ غداری کی ہے گلگت بلتستان کے عوام آج یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ ڈوگروں سے آزادی حاصل کرکے پاکستان سے الحاق کا آج انہیں یہ صلہ دیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے پولیٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتدار پر قابض دو خاندانوں نے ملک کو مکمل طور پر مفلوج کرنے کی ٹھان لی ہے ایک نے مشرقی پاکستان کوہم سے جدا کر دیا دوسراگلگت بلتستان کو الگ کرنے پر بضد ہے حکمران بلوچوں کی محرومیت سے سبق سیکھنے کی بجائے ایک اور محاذکھولنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کی پاکستان کے لئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں سیاچن ِ ِ،گلیشیر ہو یا کے ٹو کے بلند و بانگ برف پوش پہاڑوطن کے یہ بہادر سپوت سینہ سپر ہو کر دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے سر زمین پاک کی حفاظت کر رہے ہیں۔
سید ناصر شیرازی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ مجلس وحدت مسلمین ہر فورم پر لڑے گی اور وطن کے ان باوفا اور شجاع فرزندان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیںگے وفاقی وزیر اطلاعات گلگت بلتستان کے عوام سے معافی مانگیں بصورت دیگر عوام قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔