امریکا: کئی ریاستوں میں اب بھی موسم کی شدت برقرار

Snowfall

Snowfall

نیویارک (جیوڈیسک) امریکا کی کئی ریاستوں میں برف باری نے موسم کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے سے تعطیلات کے لیے جانے والے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق شمالی واشنگٹن میں تین انچ برف باری ہوئی ہے۔دن بھر جاری رہنے والی برف باری سے سردی میں شدت میں اضافہ ہو گیا۔

طوفانی ہوائوں کے باعث متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کی تاریں گرنے کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مزید نیچے جاسکتا ہے۔ادھر ریاست کیلی فورنیا میں برف باری سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔

بذریعہ سڑک گھروں کو جانے والے مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ امریکا میں تھینکس گِوونگ ڈے تہوار سے قبل شہریوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں، ریل گاڑیوں اور جہازوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے گھروں میں یہ تہوار منا سکے۔

تاہم خراب موسم کے باعث اب تک دو ہزار پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں اور مسافروں کا شدید دشواری کا سامنا ہے۔