راولپنڈی/ اسلام آباد : وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان ایسا جھوٹا اور بزدل شخص ہے جس نے ایک جھوٹ چھپانے کیلئے ہزاروں جھوٹ بولے اور عدالتوں کا سامنا کرنے اور گرفتاری سے بچنے کیلئے 111 دن سے ڈی چوک ڈربے(کنٹینر) کا سہارا لے رکھا ہے۔
ملک و قوم کیخلاف سازشیں بند نہ ہوئیں تو ڈربے (کنٹینر) میں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی ،قوم سے 14 اگست کی خوشیاں چھیننے والے سقوط ڈھاکہ کے موقع پرملک کو بند کرنے کی دھمکی پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے، عمران خان نے اس تاریخ کو ملک بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس روز پاکستان کے پہلے دشمنوں نے گھنائونی سازش کرکے پاکستان توڑا تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا، چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے گزشتہ روز مذاکرات کی بات کی لیکن آج پھر وہ پرانی حرکتوں پر اتر آئے ہیں تاہم اب بھی وقت ہے وہ راہ راست پر آجائیں۔
مذاکرات کے لئے ہمارے دل اور دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور وزیراعظم نواز شریف نے اسحاق ڈار کو مذاکرات بحال کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے لیکن عمران خان ایک دن قبل کہی ہوئی بات سے بھی مکر جاتے ہیں جس طرح انہوں نے کل مذاکرات کی بات کی لیکن آج پھر پرانی حرکتوں پر اتر آئے تاہم اب بھی وقت ہے کہ وہ راہ راست پر آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ لگتا ہے حویلیاں کے جلسے اور انعام اللہ خان نیازی کی کامیابی نے عمران خان کے ذہن پر برا اثر ڈالا ہے جبکہ ہمیں معلوم نہیں کہ وہ کس کے کہنے پر احتجاجی سیاست میں گئے ہیں۔ چوہدری عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر روز حکومت اور وزیراعظم کے خلاف جھوٹ بولتے ہیں اور انہوں نے نواز شریف کے بھارت میں کاروبار کا بھی جھوٹ بولا جبکہ ایسا کچھ نہیں ہے لہذا عمران خان مزید جھوٹ بول کر اور شرمندہ نہ ہوں۔
عمران خان نے پاکستان بند کرنے کی دھمکی دے کر ملک دشمن ایجنڈے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان بند کرنے کی دھمکی ملک و قوم کے مفادات کے منافی ہے۔ عمران خان ذاتی انا اور ضد کی سیاست میں ملکی مفادات کو یکسر فراموش کر بیٹھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ لندن پلان کی بدترین ناکامی کے بعد عوام پلان سی کو بھی سی آف کر دیں گے۔
کنٹینر پر کھڑے ہو کر جھوٹ بولنے والے عمران خان یہ بات یاد رکھیں کہ قوم نے ملک دشمنی پر مبنی سیاست کو پہلے بھی مسترد کیا اور آئندہ بھی ایسی تخریبی سیاست کو دفن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر کوئی کاروباری فرد یا دیہاڑی دار مزدور کان نہیں دھرے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی و صوبائی حکومتیں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے متحرک اور فعال کردار ادا کریں گی۔