حکومت نے تاجر تنظیموں کو خفیہ فنڈز جاری کر دیئے شیخ خرم شہزاد

Sheikh Shahzad

Sheikh Shahzad

فیصل آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی طرف سے 8 دسمبر کو احتجاج کی کال کے بعد پنجاب حکومت نے تاجر تنظیموں کو سیکرٹ فنڈز جاری کر دئیے ہیں تا کہ احتجاج کو فلاپ کیا جا سکے لیکن فیصل آباد کے عوام اور تاجر 8 دسمبر کو رضا کارانہ طور پر پورا شہر بند کریں گے۔ تحریک انصاف کسی بھی قسم کی زور زبردستی اور شٹرڈائون ہڑتال کا ارادہ نہیں رکھتی تاہم پر امن احتجاج عوام کا حق ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت 8 نومبر کے حوالہ سے تحریک انصاف کی تشہیری مہم میں خلل نہ ڈالے اور پر امن احتجاج کی راہ میں روڑے نہ اٹکائے۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شیخ خرم شہزاد نے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انکے ہمراہ ضلعی صدر رانا احمد راحیل، سابق سٹی ناظم ممتاز علی چیمہ، سابق ایم پی اے ڈاکٹر خالد امتیاز بلوچ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر حسن مسعود و دیگر بھی موجود تھے۔ ضلعی صدر رانا احمد راحیل نے کہا کہ 8 دسمبر کو فیصل آباد پاکستان سے علیحدہ ہو گا کیونکہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر تحریک انصاف کے کارکنان کی ریلیاں ہوں گی

دکاندار رضاکارانہ طور پر دکانیں بند کریں گے مزدور سڑکوں پر ہوں گے اور حکومت کے خلاف اپنا تاریخی احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے نام نہاد سیاسی رہنماوں کی طرف سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ مفاد پرست اور حکومت کے پے رول پر کام کرنے والے سیاستدان پر امن احتجاج کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان کوئی بھی بیک ڈور مذاکرات نہیں چل رہے ۔تاہم حکومت اگر سنجیدہ ہے تو تحریک انصاف مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ رہنمائوں نے مشترکہ اعلامیہ میں ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر کسی بھی تاجر اور دوکاندار کی دوکان اور کاروبار کو زبردستی ڈرایا دھمکایا گیا اور دکانیں کھلی رکھنے کیلئے کہا گیا تو تحریک انصاف انکے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔