لاہور (جیوڈیسک) جماعۃ الدعوۃ کا2 روزہ اجتماع کل سے مینار پاکستان گراؤنڈ میں شروع ہو گا جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے، گرائونڈمیں خیمہ بستیوں کا شہر آباد ہو گیا جبکہ لاکھوں افراد کیلئے وسیع و عریض پنڈال بنایا گیا ہے۔
کھانے پینے کی اشیا کے عارضی سٹال اور فیلڈ ہسپتال بھی بنائے گئے ہیں ، مینار پاکستان گراؤنڈ میں اجتماع کی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد سربراہ جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا کہ اجتماع سے ملک میں سیاسی افراتفری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
سندھ، بلوچستان، گلگت سکردو اور آزاد کشمیر سے بہت بڑی تعداد میں قافلے پہنچ رہے ہیں جس پر ممکن ہے ہمیں اجتماع کا آغاز آج شام سے ہی کرنا پڑے ،انہوں نے کہا کہ کل سہ پہر تین بجے ‘‘ نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے ’’ کے عنوان سے ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اجتماع کے دوران فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی طرف سے خصوصی نمائش کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجتماع سے پاکستان کو میلی نگاہ سے دیکھنے والوں کو مضبوط پیغام جائے گا ،پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے مذہبی رہنماؤں کو شہید کروایا جارہاہے جس میں امریکہ اور بھارت ملوث ہیں، ہمیں ان بیرونی قوتوں پر نظر رکھنا ہو گی، پاکستان کو بند نہیں ہونا چاہیے، اسے ترقی کی راہ پر گامزن اور چلتے رہنا چاہیے، امید ہے عمران خان پاکستان کو بند نہیں کریں گے، انہوں نے کہا جنرل راحیل شریف پاک فوج کے تشخص کو بہتر بنانے امریکہ گئے جس میں وہ سو فیصد کامیاب رہے۔
انہوں نے کہاکہ انڈیا کے وزیر اعظم سے ہاتھ ملانے میں کوئی حرج نہیں لیکن مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات کا پہلا ایجنڈا ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں پنجاب بارکونسل، لاہورہائیکورٹ بار اور لاہور بار کی مختلف وکلاتنظیموں نے جماعۃ الدعوۃ کے اجتماع میں شرکت اور یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
الامہ لائرز فورم،پیس لائرز فورم،حرمت رسول لائرز موومنٹ، نظریہ پاکستان لائرزموومنٹ، الدعوۃ لائرز فورم، دفاع پاکستان لائرز موومنٹ، پاکستان جسٹس پارٹی، اسلامک لائرز فورم، ماڈل ٹائون لائرز لیگ، پرائم یوتھ لائرز فورم سمیت دیگر ذیلی تنظیموں نے مشترکہ اعلان میں کہا کہ اجتماع اسلام و پاکستان کے استحکام کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔