لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ینگ ڈاکٹر ایسو سی ایشن نے جنرل ہسپتال کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے فیروز پور روڈ بلاک کر دی ، ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں فیصل آباد کا رہائشی شخص جنرل ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گھر پہنچنے پر دم توڑ گیا تھا جس پر پنجاب حکومت نے انکوائری کمیٹی بنائی جس نے ایم ایس ڈی ایم ایس اور دو ڈاکٹرز کو معطل کر دیا تھا۔
ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے، کمیٹی کی رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹرز کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ پورے پنجاب میں پھیلا دیں گے۔ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث فیروز پور روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔