حکومت کو علماء اکرام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہو گا: حاجی رشید احمد اعوان

Haroonabad

Haroonabad

ہارون آباد (تحصیل رپورٹر) جمعیت علماء اسلام (ف) تحصیل ہارون آباد کے صدر حاجی رشید احمد اعوان نے کہا ہے کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان پر قاتلانہ حملہ اور سابق سینیٹر خالد محمود کی ٹارگٹ کلنگ سمیت علماء اکرام کے خلاف پر تشدد کاروائیاں لمحہ فکریہ ہیں اور ان سازشوں میں ملوث عناصر علماء اکرام کے معاشرے میں اصلاحی کردار سے خائف ہو کر غیر ملکی ایجنڈے کے تحت اس قسم کی مذموم حر کات کر رہے ہیں ان عناصر کی بیخ کنی ناگزیر ہو چکی ہے۔

حکومت کو علماء اکرام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہو گا مولانا فضل الرحمان اور ان کے رفقاء کی ملک و قوم کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں اور ہمیشہ وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے جدو جہد کی ہے ملک دشمن عناصر کی سازشوں کوناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

ہم مولانا فضل الرحمان کے شانہ بشانہ رہیں گے اور ان کی تاریخی خدمات میں ان کے ساتھ مل کر پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے عملی قالب میں ڈھالنے کا مشن پایہ تکیمل کو ضرور پہنچے گا۔