فیصل آباد: پیپلز یوتھ آرگنائزیشن پنجاب کے صدر رانا فرخ محمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی اور جمہوری جماعت ہے جسے کوئی ختم کر سکا ہے اور نہ آئندہ ختم کر سکے گا۔ فیصل آباد آج بھی جیالوں کا لاڑکانہ ہے۔
پارٹی کے یوم تاسیس پر فیصل آباد سے جیالوں کے بڑی تعداد میں قافلے میں شرکت کی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی غیر جمہوری قوتوں اور ان کے آلہ کاروں نے پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی سازشیں کیں اب پھر وہی عناصر سازشوں میں مصروف ہیں لیکن انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔
جمہوریت کے پودے کی آبپاری کے لیے پیپلز پارٹی کے قائدین نے لہو دیا۔ پیپلز پارٹی ہی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے غیر متنازعہ چیئرمین اور ان کی قیادت میں پارٹی دن بدن مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ پارٹی چاہتی ہے کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار رہے اسی لیے موجودہ جمہوری حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
جو لوگ مذاکرات کی بجائے تشدد اور تصادم کے ذریعے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں وہ ملک اور جمہوریت کے لیے مخلص نہیں ہیں۔ بہتری اسی میں ہے کہ غیر جمہوری قوتوں کا راستہ روکنے کے لیے جمہوریت کو مضبوط کیا جائے۔