ماسکو میں‌ اے کے 47 رائفل کے نئے روپ کی رونمائی

 Kalashnikov AK-47

Kalashnikov AK-47

ماسکو (جیوڈیسک) کلاشنکوف یا اے کے 47 دنیا کی مشہور ترین رائفل ہے۔ یہ رائفل سستی ہونے اور آسانی سے مینوفیکچر کرنے کے باعث اس کی مقبولیت عسکریت پسند گروپوں اور ایشیاء اور افریقہ کی فوجوں میں زیادہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں 100 ملین سے زیادہ رافلز بیچی جا چکی ہیں۔

اس رائفل کے خالق سوویت یونین کے لیفٹیننٹ جنرل میخائل کلاشنکوف کا پچھلے سال انتقال ہوا تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماسکو میں کی گئی تقریب میں رائفل بنانے والی کمپنی کلاشنکوف کنسرن نے اس رائفل کا نیا نیا لوگو پیش کیا جس پر کے اور سی لکھا ہے۔

ماسکو ٹائمز کے مطابق سیاہ لباس میں ملبوس خواتین مہمانوں کے درمیان کلاشنکوف اور اس کی گولیاں لئے گھوم رہی تھیں جبکہ سازندے روسی ملی نغمے بجا رہے تھے۔

کلاشنکوف کنسرن نے روسی زبان میں دو نئے سلوگن بھی پیش کیے ہیں۔ ایک ہے ’امن کی حفاظت‘ اور دوسرا ہے ’امن کا ہتھیار‘۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ 2014ء میں اس نے ایک لاکھ چالیس ہزار رائفلز فروخت کی ہیں جو کہ پچھلے سال سے دگنی تعداد ہے۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا ہے کہ وہ رائفل کی پروڈکشن میں جدت لائیں گے اور 2020ء تک سالانہ تین لاکھ رائفلز تیار کی جائیں گی۔

مغربی ممالک کی جانب سے کمپنی پر عائد پابندیوں کے باعث امریکہ اور کینیڈا میں فروخت کی جانے والی دو لاکھ رائفلز فروخت نہ ہو سکیں۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ امریکہ ہمارے لیے بہت اہم مارکیٹ ہے۔ کلاشنکوف بنانے والی کمپنی اس رائفل کی برآمد پر انحصار کرتی ہے لیکن مغربی ممالک نے یوکرائن بحران کے باعث اس کمپنی پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔