شہریار موکل اور سردار شیرافگن کی تحریک انصاف میں شمولیت

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری سے پنجاب سیکرٹریٹ میں ضلعی صدر اوکاڑہ چوہدری اظہر حسین اور جنرل سیکرٹری قاری حفیظ بلوچ کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر اوکاڑہ سے (ق) لیگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری سردار شہریار موکل اور سردار شیرافگن موکل نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ نئے دوستوں کی پارٹی میں شمولیت سے اوکاڑہ میں تحریک انصاف مزید مضبوط ہو گی۔

علاوہ ازیں اعجاز احمد چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد، عندلیب عباس نے ڈیوس روڈ پر نابینا افراد پر پولیس کے لاٹھی چارج اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ پولیس کی بربریت کی بدترین مثال ہے جس سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کے سیاہ دورِ اقتدار میں جو بھی اپنے حق کے لئے باہر نکلتا ہے انہیں پولیس بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بناتی ہے۔

علاوہ ازیں عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پارٹی فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی 15 دسمبر کو لاہور شہر کے 6اہم مقامات پر عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور پارٹی کارکن پرامن طور پر دھرنے اور احتجاج میں شریک ہوں گے جس میں عوام سے بھر پور تعاون کیا جائے گا ایمبولینس کو راستہ دیں گے اور شہر میں مکمل شٹرڈاؤن نہیں کریں گے بلکہ مختلف علاقوں میں انتخابی دھاندلی کے خلاف عوامی احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ، سگیاں پل، قینچی امرسدھو، مال روڈ، شاہدرہ اور شالامار باغ جی ٹی روڈ کے مقامات منتخب کیے گئے ہیں۔