غریب آدمی کا سیاست میں حصہ نہیں تھا، فیصل سبزواری

Faisal Sabzwari

Faisal Sabzwari

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں غریب اور عام آدمی کا سیاست میں حصہ نہیں تھا لیکن الطاف حسین نے ملک کے غریب و متوسط طبقے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سیاست کے میدان میں لاکر انقلاب برپا کردیا۔یہ بات انہوں نے آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے جامعہ کراچی سیکٹر کے زیر اہتمام صادقین لان گلشن اقبال میں منعقد ہ ماڈل پری انٹری ٹیسٹ برائے سال 2014-15 میں شریک طلبا و طالبات سے خطاب میں کہی۔

اس موقع پر اے پی ایم ایس او کے وائس چیئر مین علی مصطفیٰ جنرل سیکریٹری ثاقب اعجاز، سیکریٹری فنانس علی زیدی اور سوشل سیکریٹری ذیشان الحق سمیت جامعہ کراچی سیکٹر کے اراکین اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ماڈل پری انٹری ٹیسٹ 2014-15 کے لیے اے پی ایم ایس او جامعہ کراچی سیکٹر کی جانب سے ہال میں بہترین انتظامات کیے گئے تھے اور طلبا و طالبات اور ان کے والدین کے لیے مخصوص نشستیں قائم تھیں۔

ماڈل انٹری ٹیسٹ میں پانچ سو سے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جو جامعہ کراچی میں سائنس، آرٹس ، کامرس اور میڈیکل میں داخلے کے خواہش مندہیں ۔فیصل سبزواری نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف باشعور اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے پاس ہی ہے۔ جامعہ کراچی کے مشیر امور طلبہ پروفیسر انصر رضوی نے بھی خطاب کیا۔