برسلز / بغداد (جیوڈیسک) بیلجیئم میں اتحادی ممالک کے اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اتحادی ممالک کے گزشتہ کئی ماہ سے جاری فضائی حملوں نے دولت اسلامیہ کی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے تاہم اس عسکری گروہ پر قابو پانے میں کئی برس لگ سکتے ہیں۔
برسلز میں اتحادی ممالک کے اجلاس میں عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کے علاوہ کئی یورپی، عرب اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کر رہے ہیں، دوسری طرف ایران دولت اسلامیہ کے خلاف اتحاد کا حصہ نہیں ہے تاہم کہا جا رہا ہے کہ اس ہفتے ایرانی فضائیہ نے بھی عراق میں دولت اسلامیہ پر حملے کیے ہیں، ان اطلاعات کے بعد ایرانی اہلکار نے اس خبر کی تردید کر دی ہے۔
ایرانی فضائیہ کے فینٹم طیاروں نے عراق کے صوبے دیالا میں ان مقامات پر بمباری کی ہے جہاں عراقی فوجیں عسکریت پسندوں کے خلاف لڑ رہی ہیں، ٹی وی چینل الجزیرہ نے ایک وڈیو دکھائی ہے جس کے بارے میں ایک دفاعی جریدے کا کہنا ہے کہ اس میں دکھائی دینے والا لڑاکا طیارہ ایرانی فینٹم ہے، ریئر ایڈمرل جان کربی کے مطابق امریکا، عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کیخلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور امریکا اس آپریشن میں ایران سے رابطے میں ہے نہ ہی ہو گا۔
دوسری جانب عراق کی وزارت خارجہ نے دولت اسلامیہ کے رہنما ابوبکر البغدادی کی اہلیہ کی لبنان میں گرفتاری کی تردید کی ہے، عراق کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرفتار ہونے والی خاتون سجا الدلیمی عمر الدلیمی کی بہن ہیں جنھیں بصرہ اور البثا میں دھماکے کرنے کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔
عراقی حکومت کا کہنا ہے کہ ابوبکر البغدادی کی بیویوں کے نام اسما فازوی محمد الدلیمی اور عصرہ محل ہیں۔