ممبئی (جیوڈیسک) انڈین سپر فٹبال لیگ میں پونے سٹی کی ٹیم نے ممبئی کو شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ بھارت میں جاری آئی پی ایل کی طرز پر ہونیوالے فٹبال ٹورنامنٹ میں پونے اور ممبئی کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔
پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں، تاہم دوسرے ہاف میں میزبان پونے کی جانب سے دو گول سکور کیے گئے۔
پونے کی دو صفر سے برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور ٹیم کی فتح کا باعث بنی۔ فاتح ٹیم کے دونوں گول نائجیرین کھلاڑی ڈوڈو نے سکور کیے۔ اس شاندار کامیابی نے پونے کی ٹیم کو پوائنٹس میں بہتری کے بعد ساتویں سے چوتھی پوزیشن دلا دی۔