کراچی (جیوڈیسک) آئیڈیاز نمائش کے دوران ملکی سطح پر تیار کئے گئے فضائی نگراں جہاز ملکی اور غیر ملکی وفود کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
ان آرمڈ ایریل وہیکل شہپر کی خاصیت یہ ہے کہ اجالا ہو یا اندھیرا نگرانی اور نشاندہی کرنے میں بالکل نہیں چوکتا جبکہ اپنی عقابی خصوصیات سے لیس عقاب نامی یو اے وی سرچ اینڈ ریسکیو مشن کوسٹل ایریا سرویلنس سمیت دیگر میں نمایاں ہے۔
نمائش میں نوجوانوں کی تربیت کے لئے لگائے گئے مصنوعی فائرنگ رینج میں شہریوں کی خصوصی دلچسپی رہی جہاں انھیں نشانہ لگانے کی صلاحتیوں کو جانچنے کا موقع بھی ملا۔
ساتھ ہی انہوں نے مصنوعی لیکن حقیقت سے قریب ترین سیمولیٹر کے ذریعے دشمنوں کو تاک کر میزائل بھی داغے۔
ہوائی جہاز اڑانے کی تربیت کے لئے مشاق جہاز سے مطابقت رکھتے فلائٹ سیمولیٹر نے بھی سبھی کی توجہ اپنی جانب بنائے رکھی۔ فلائٹ سیمولیٹر کی کامیابی کے بعد پاکستان دیگر جہازوں کے سیمولیٹر کی تیاری کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کو فروخت کرنے کے بھی قابل ہو چکا ہے۔