ملک بھر میں سردی کی شدت بڑھ گئی، مزید اضافہ کا امکان

Weather

Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) گلگت بلتستان کے تمام اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، دوسری جانب سندھ اور پنجاب میں بھی سرد ہوائیں چلنے سے موسم میں خنکی پیدا ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چند روز کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ ملک بھرمیں دن بدن سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

گلگت بلتستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں کویخ بستہ ہواوٴں نے لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس کے باعث سردی بڑھ گئی ہے۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں بھی موسم مزید سرد ہوتا جا رہا ہے۔ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں موسم شدید سرد ہے اور مختلف موسمی امراض بھی پھیل رہے ہیں، جس سے بچے زیادہ متاثرہورہے ہیں۔

قبائلی علاقوں کرم ایجنسی اورکزئی ایجنسی میں سردی کی شدت نے جلانے کی لکڑی اور ایندھن کے دام میں اضافہ کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز، سب سے زیادہ سردی، اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 6 اور ہنزہ میں منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔