لاہور : مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی شہباز شریف کا دورہ قطر انتہائی کامیاب ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مقام اطمینان ہے کہ قطر پاکستان سے مختلف شعبوں میں ماہر اورتجربہ کار افراد کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے۔ ملک پاک قطر دوستی کے فروغ کیلئے وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی حالیہ کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
قطر بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان سے قابل قدر تعاون کررہا ہے اور ہم اپنے دوست ممالک کے تعاون سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔انہوںنے کہا کہ قدرت نے پاکستان کے لوگوں کو بہترین دل و دماغ اور خداداد صلاحیتوں سے نوازا ہے۔قطر کو ہماری افرادی قوت سے ترجیحی بنیادوں پر فائدہ اٹھانا چاہیے۔
یہ امر خوش آئندہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاک قطر تعلقات کا نیا دور شروع ہوا ہے جس کے مثبت اثرات دونوں ملکوں میں جلد دکھائی دینے لگیں گے۔آنے والے دنوں میں قطر اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔توانائی،ہیومن ریسورس، افرادی قوت ،زراعت اوردیگر شعبوں میں قطر اورپاکستان میں تعاون کے امکانات بہت واضح ہیں۔