راولپنڈی (جیوڈیسک) جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشن میں القاعدہ رہ نما عدنان الشکری جمعہ ہلاک ہو گئے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہےکہ دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک آرمی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے شین وارسک میں آپریشن کیا جس میں القاعدہ کا عدنان الشوکری جمعہ ہلاک ہو گیا۔
عدنان ضرب عضب آپریشن کے بعد جنوبی وزیرستان میں آکر چھپ گیا تھا۔ عدنان القاعدہ کے بیرونی آپریشنز کا انچارج تھا۔ کارروائی کے دوران پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہو گیا۔ کارروائی میں عدنان کا ایک ساتھی بھی مارا گیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کامیاب آپریشن پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا ہر جگہ پر پیچھا کیا جائے گا اور اپنی سرزمین پر ان کا خاتمہ کیا جائے گا، تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔