وفاقی حکومت کا سندھ پولیس کی 2 واٹر کینن واپس کرنے سے انکار

Water Cannon Vehicle

Water Cannon Vehicle

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے 30 نومبر کو تحریک انصاف کے جلسے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سندھ پولیس سے مستعار لی گئی 2 واٹر کینن گاڑیاں واپس کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

وفاقی حکومت نے 30 نومبر کو تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔

اس سلسلے میں وفاق نے مظاہرین کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لئے سندھ حکومت سے 2 واٹر کینن مستعار لی تھیں اور شیڈول کے مطابق پانی کی ان توپوں کو یکم دسمبر کو واپس کراچی بھجوایا جانا تھا لیکن 6 روز بعد بھی یہ واٹر کینن اب تک وفاقی دارالحکومت میں ہی موجود ہیں۔

سندھ حکومت نے 12 دسمبر کو کراچی میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مظاہرین سے نمٹنے کے لئے واٹرکینن دوبارہ مانگی ہیں مگر وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کی فی الحال اسلام آباد میں ہی ضرورت ہے اس لئے انہیں واپس نہیں بھجوایا جا سکتا۔