چین کے سابق سیکیورٹی چیف بدعنوانی کے الزام میں گرفتار

Shu Yang Kong

Shu Yang Kong

بیجنگ (جیوڈیسک) چین کے سابق سیکیورٹی چیف شو یانگ کانگ کو کرپشن اور بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادرے کے مطابق چین کے سابق سیکیورٹی چیف اور کمیونسٹ پارٹی کے سابق عہدیدار شو یانگ کانگ کو رشوت لینے، بد عنوانی اور قومی راز افشاء کرنے کے الزامات پر گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

شو یانگ کانگ پراپنے عہدے کے دوران بڑے پیمانے پر گھپلے اورعہدے کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے جب کہ ان پر خاندان کے افراد کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر رشوت ہتھیانے کا بھی الزام تھا جس پر ان کے خاندان کے کئی افراد کو بھی کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ کی جانب سے ملک سے بدعنوانی اور کرپشن کے خاتمہ کے لئے قومی مہم چلائی جارہی ہے اور اس مہم کے دوران شو یانگ کانگ اب تک گرفتار ہونے والی سب سے بااثر شخصیت ہیں جب کہ 1949ء میں کمیونسٹ پارٹی کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے اب تک کرپشن اور بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کئے جانے والے اعلیٰ ترین رہنما بھی ہیں۔