پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گئی

Pakistan Blind Cricket Team

Pakistan Blind Cricket Team

کیپ ٹاؤن (جیوڈیسک) پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی جب کہ گرین شرٹس کل فائنل میں روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گی۔

جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں جاری بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 263 رنز بنائے جب کہ گرین شرٹس نےعامراشفاق کی برق رفتار نصف سنچری کی بدولت ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

عامر اشفاق نے صرف 14 گیندوں پر 50 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا جب کہ قومی ٹیم کی جانب سے محمد جمیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز بنائے۔

سیمی فائنل کا دوسرا میچ سری لنکا اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا جس میں بھارت نے مخالف سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ ورلڈ کپ فائنل میں کل پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور اس نے بھارت کو ایونٹ کے افتتاحی میچ میں شکست سے اپنی کامیابی کے سفر کا آغاز کیا تھا۔