قانون کی خلاف ورزی ہو گی تو قانون حرکت میں آئیگا، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

رائے ونڈ (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو بتایا ہے کہ پیر کے روز فیصل آباد میں تحریکِ انصاف کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے پیشگی اقدامات کر لئے گئے ہیں۔

جہاں بھی قانون کی خلاف ورزی ہو گی، قانون حرکت میں آئے گا، لیکن پُرامن احتجاج کو نہیں روکا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جاتی عمرہ رائے ونڈ میں وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےتحریکِ انصاف کی پیر کےروز فیصل آباد میں ہڑتال کےموقع پر حکومت کی حکمتِ عملی اورپ یشگی اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے بتایا کہ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے، اس سے کسی کو نہیں روکا جائے گا۔

لیکن جہاں بھی کسی نے قانون ہاتھ میں لینے،کسی کو زبردستی کاروبار سے روکنے یا امنِ عامہ کا مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کی ،وہاں قانون حرکت میں آئے گا۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت تحریکِ انصاف کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کرنا چاہتی ہے، لیکن اس کے لئے انہیں بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔