ملک میں عام آدمی بری طرح عدم تحفظ کا شکا ر ہے چند بااثر خاندانوں کی کرپشن نے ملک کی بنیادوں
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) ملک میں عام آدمی بری طرح عدم تحفظ کا شکا ر ہے چند بااثر خاندانوں کی کرپشن نے ملک کی بنیادوں کوکھوکھلا کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے مگر یہاں الٹی گنگا بہتی حکمران طبقہ اور ان کے حواریوں نے ملک میں امن وامان کو برباد کرنے کی ذمہ داری خود اٹھا رکھی ہے شریف برادران اور ان کے نادان دوست ملک میں انارکی کو ہوا دینے والے بیانات دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی ادارے بھی عوام الناس کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں چوروں ، ڈاکوئوں سے بچ نکلنے والے شہریوں کو سڑکوں اورگلیوں میں لگے ناکوں پر مختلف وردیوں کی پولیس ہراساں کرتی ہے چالان کئے جاتے ہیں تو کبھی سیاسی بنیادوں پر جیلوں میں بند کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشروں میں ایسا نہیں ہوتا جس طرح جمہوریت کے نام پر ملک میں لوٹ مار مچی ہوئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور کروڑوں پاکستانی جمہوریت کے نام پر ملک کو مذاق بنانے والے خاندانوں سے نجات چاہتے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سردی بڑھتے ہی لنڈا میں قیمتوں کو آگ لگ گئی،مہنگائی نے ہر چیز کو غریب کی دسترس سے باہر کردیا
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) سردی بڑھتے ہی لنڈا میں قیمتوں کو آگ لگ گئی،مہنگائی نے ہر چیز کو غریب کی دسترس سے باہر کردیا۔ طوفان نے غریب ، سفید پوش اور تنخواہ دار طبقے کیلئے لنڈے کی اشیاء کی خریداری بھی مشکل بنا دی ہے مہنگائی کی ہوشربا لہرنے لنڈے کی اشیاء کوبھی پر لگادئیے ہیں اوران کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں ،ریڈی میڈ گارمنٹس تو پہلے ہی قوت خرید سے باہر تھیں اب مہنگائی کے طوفان نے سردی سے بچائو کیلئے لنڈے کی پرانی اشیاء اور استعمال شدہ گرم ملبوسات، جوتے ، کمبل ، گرم چادریں ، مفلر ، جرابیں خریدنا غریب وتنخواہ دار طبقے کیلئے خواب بنادیا ہے۔ لنڈے کے ملبوسات سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 100فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے جس وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ لنڈے میں سستی اور معیاری اشیاء ڈھونڈنے کیلئے سٹالز کی خاک چھاننے پر مجبور ہے جبکہ لنڈے بازار میں بھی پوش طبقہ منہ مانگی قیمت پر لنڈے کی اشیاخرید کر چلے جاتے ہیں اورغریب طبقہ قیمتیں کم کرانے کیلئے بحث کرتا نظر آتا ہے ۔لنڈے کی قیمتوں میں بے تحاشااضافہ کے باعث غریب متوسط طبقے کے شہریوں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ،پوش طبقہ لنڈے بازار میں من پسند اشیاء منہ مانگے داموں خرید کر لنڈے بازار میں بھی غریب و متوسط طبقے کیلئے مشکلات کھڑی کر رہا ہے ۔ظلم کی انتہا یہ ہے کہ پرانے جوتوں کی خریداری کی غرض سے لنڈا بازار جانے والوں کوہزاروں روپے تک قیمتیں بتائی جاتی ہیں جبکہ جیکٹوں اور سویٹروں کی قیمتیں بھی5سو روپے سے لیکر ہزار دو ہزار روپے تک بتائی جاتی ہیں۔ غریب شہریوں نے حکومت سے مہنگائی کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔