کراچی (خصوصی رپورٹ) حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے شہری علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام بلدیاتی مسائل کی وجہ سے شدید اذیت کا شکار ہیں ،شہر کے لئے ترقیاتی فنڈز کی بندر بانٹ جاری ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں حق پرست قیادت عوام کے ساتھ ہونے والی نا انصافی پر خاموش نہیں بیٹھے گی شہر کراچی کے بعد قائم ہونے والے دنیا کے دیگر شہر ترقی کی منازل طے کوچکے ہیں اور ہم دنیا کے بڑے شہروں میں شمار ہونے والے میگا پولیٹن سٹی کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کو درست کرنے میں لگے ہوئے ہیں اس کی وجہ شہر کے ساتھ حکمرانوں کی ناانصافی اور جانبدرانہ پالیسی ہے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں بلدیاتی مسائل کے حوالے سے علاقہ معززین اور بلدیاتی افسران کے اعلیٰ سطحی مشترکہ اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے کیا
اجلاس میں بلدیہ کورنگی ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،محکمہ ہیلتھ سمیت عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ سندھ کے بلدیاتی اداروں میں لوٹ مار کرپشن کی اصل وجہ بلدیاتی اداروں میں عوامی نمائندگی نہ ہونا ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی فنڈز ہڑپ اور ٹرانسفر پوسٹنگ کے عیوض وزارت بلدیات میں لوٹ مار کا کھیل جاری ہے انہوں نے کہاکہ شہر کو کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے بچانے اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے فی الفور بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ علاقائی سطح پر عوام بلدیاتی مسائل سے دو چار ہیں ہر گلی اور محلے میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل صفائی وستھرائی اسٹریٹ لائٹس کی بندش جیسے مسائل سے عوام دوچار ہیں
عوامی مسائل کے سد باب کے لئے ادارے ٹھوس اقدامات سے قاصر ہیں شہر ی علاقوں کے ساتھ حکمرانوں کا یہی سلسلہ جاری رہا تو کراچی میں تھر جیسے واقعات رونما ہوسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ حق پرست قیادت عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے مسلسل جدو جہد میں مصروف ہے علاقائی سطح پر عوام کو بلدیاتی مسائل کے ازالے اور انتظامات کی نگرانی کے لئے علاقہ معززین پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی افسران تندہی کے ساتھ عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے اپنی فرائض کی انجا م دہی کو یقینی بنا ئیں انہوں نے کہاکہ معززین پر مشتمل کمیٹی کی شکایات پر متعلقہ محکموں کے خلاف کاروائی کی جائے گی اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری ،میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے یقین دلا یا کہ علاقائی سطح پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات منتخب نمائندوں کی معائونت اور عوامی مشاورت کے ساتھ انجام دیا جائے گا۔