کراچی :ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلع کورنگی میں علاقائی مسائل کے بروقت حل اور بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے شکایتی مراکز کو فعال کرنے اور ہر محلے میں کھلی کچہری منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ کورنگی اپنی تمام تر وسائل اور کاوشیں بروئے کار لاکر ضلع کورنگی کے تمام علاقوں کو مسائل سے پاک اور عوام کو علاقائی مسائل کے حوالے سے درپیش شکایات کا ازالہ کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر بلدیاتی مسائل کا جائزہ اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تمام وزن کے فوکل پرسن اور محکمہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے۔
مختلف علاقوں میں بلدیہ کورنگی کے تحت جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی خدمات کی انجام دہی کے حوالے سے اپنی محکمانہ کار کردگی کو مزید بہتر بنا ئیں اور علاقائی مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے علاقائی دورے کرکے مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے تمام محکمے صفائی وستھرائی ،فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کریں۔
انہوں نے کہاکہ سرکاری اراضی کی مکمل حفاظت کی جائے لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے میونسپل کمشنربلدیہ کورنگی نے صفائی وستھرائی سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنا نے کے ساتھ علاقائی خوبصورتی میں اضافے کے لئے ضلع کورنگی کے تمام زونز کو لائحہ عمل ترتیب دینے اور اس کا جلد ازجلد آغاز کرنے کی ہدایت کی میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے ضلع کورنگی کے تمام زونز کے افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے مسائل سے عوام کو چھٹکارہ دلانے کے لئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون سے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو روز مرہ مسائل سے نجات دلاکر علاقائی سطح پر مسائل سے پاک معاشرے کا قیام عمل میں لائی جا سکے۔