لاہور (جیوڈیسک) الیکشن ٹربیونل لاہور کی طرف سے قومی اسمبلی کے حلقہ 122 میں مبینہ دھاندلی کے کیس میں فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان ہے۔ الیکشن ٹربیونل آج عمران خان کی اس درخواست پر فیصلہ سنائے گا ،جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ این اے 122 میں دھاندلی اور جعلی ووٹوں کو ثابت کرنے کے لیے تھیلے کھولے جائیں کیونکہ انہی میں دھاندلی کا ثبوت موجود ہے، اس کیس میں عمران خان اور ان کی طرف سے گواہوں نے اپنے بیانات قلم بند کرا دیے ہیں، ٹربیونل اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ آیا دھاندلی ثابت کرنے کیلئے الیکٹورل رول اور کاؤنٹر فائل پر انگوٹھوں کے نشانات کا موازنہ کرایا جائے یا نہیں۔ عمران خان نے این اے 122 کے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رکھا ہے۔
عمران خان کا موقف ہے کہ عام انتخابات میں این اے 122 میں انہیں شکست دینے کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار ایاز صادق نے وسیع پیمانے پر دھاندلی کی اور ہزاروں جعلی ووٹ ڈالے گئے۔ الیکشن ٹربیونل اس حلقے سے کامیاب امیدوار ،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی درخواست کا بھی فیصلہ کرے گا جس میں انہوں نے عمران خان کی ٹربیونل میں پیش کی گئی دستاویزات کی جعلی تصدیق کے حوالے سے ہائی کورٹ سےریکارڈ طلب کرنے اور عمران خان کے خلاف کارروائی کرنے کی استدعا کی ہے۔