ملک کے بالائی علاقے سردی کی شدید لپیٹ میں

cold

cold

اسلام آباد (جیوڈیسک) .ملک کے بالائی علاقے سردی کی شدید لپیٹ میں ہیں، میدانی علاقوں میں بھی سرد ہوائیں چلنے سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ گلگت بلتستان میں ضلع استور، غذر، دیامر میں سردی میں بے انتہا اضافہ ہوگیا ہے۔

مالاکنڈاور ہزارہ ڈویژن میں بھی موسم شدید سرد ہے قبائلی علاقوں کرم ایجنسی اورکزئی ایجنسی میں سردی کی شدت کے بعد جلانے کی لکڑی اور ایندھن کے دام میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دوسری جانب دھند نے پنجاب کے مختلف شہروں میں معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کررکھا ہے۔ حد نظر کم ہونے سے سڑکوں پر سفر کرنے والے شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔سندھ کے شہروں میں صبح اور رات میں خنک ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ کشمیر، مالاکنڈ، اور گلگت بلتستان کے چند مقامات میں ہلکی بارش اور پہاری علاقوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔