گجرات کی خبریں 9/12/2014

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) فخر مشائخ حضرت صاحبزادہ میاں جمیل احمد شرقپوری نقشبندی مجددی اور حضرت صاحبزادہ میاں خلیل احمد شرقپوری نقشبندی مجددی کا سالانہ عرس مبارک نو جنوری 2015ء بروز جمعتہ المبارک صبح نو تا نماز جمعہ منعقد ہوگا ‘ جس کی صدارت میاں ولید احمد جواد شرقپوری نقشبندی مجددی کرینگے ‘ ملک بھر سے قافلے شریک ہونگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) برصغیر پاک و ہند کی عظیم روحانی شخصیت حضرت خواجہ محمد خان عالم رحمتہ اللہ تعالیٰ کا عرس مبارک عقید ت و احترام سے منعقد ہوا ‘ جس کی صدارت زیب سجادہ نشین آستانہ عالیہ باولی شریف صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی نے کی ‘ تلاوت قران پاک کا شرف استاد القراء قاری کرامت علی نعیمی نے حاصل کیا ۔ نعت رسول مقبول ۖ محمد نواز چشتی سیالکوٹ ‘ قاسم احسان جڑانوالہ اور صاحبزادہ محمد فیضان عالم نے پیش کی ۔ ممتاز عالم دین صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالحسن شاہ الازھری بھیرہ شریف ‘ الشیخ عمر سلیم بغدادی خطیب اعظم عراق ‘ پیر سید عرفان امیر شاہ رواتڑہ شریف اور قادیانیوں کے سربراہ مرزا شمس الدین ( نو مسلم ) ودیگر نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر علامہ بشیر مصطفوی ‘ میاں منیر احمد میکن شریف ‘ علامہ حماد الدین مخلص صدیقی ‘ علامہ شاہد ‘ پیر اختر حسین اشرفی ‘ علامہ مسعود احمد قادری ‘ پیر سید اعجاز حسین شاہ’ محمد شہزاد شفیق نقشبندی ‘ شکیل احمد ‘ علامہ عثمان ‘ علامہ عثمان بشیر نقشبندی ‘ قاری اسجد چشتی ‘ خواجہ حنیف جلالپوری ‘ علامہ فاروق سیالکوٹ ‘ علامہ شمس ‘ مفتی حماد الدین ‘ علامہ کرام الحق ‘ علامہ غلام مصطفی و دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر علماء و مشائخ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قوم سڑکوں پر آچکی، حکومت کی رخصتی پر ہی واپس جائے گی، خدیجہ فاروقی
گجرات ( جی پی آئی ) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے کہا ہے کہ بدترین لوڈشیڈنگ،بجلی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافوں اور حکومتی اقدامات کے باعث قوم سڑکوں پر آچکی ہے اب یہ حکومت کی رخصتی پر ہی واپس جائے گی پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود مہنگائی اور اشیائے خوردونوش سمیت کسی بھی چیز کی قیمتوں میں کمی واقع نہیں ہوئی نہ ہی حکومت نے ریلوے ،پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات میں بین الاقوامی سطح کے مطابق کمی نہیں کی گئی ۔ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات 67ڈالر فی بیرل پر آگئی ہیں اور کمی40فیصدتک ہوئی جبکہ پاکستان میں یہ کمی صرف17سے18فیصد کی گئی اس طرح عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ مارا جارہا ہے انہوںنے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا پورا پورا ریلیف فی الفور عوام کود یا جائے اور بین الاقوامی سطح کے مطابق پاکستان میں بھی کمی کی جائے۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ حکومت نے ہر ماہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کو جواز بنا کر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد فی یونٹ اضافے کرکے بجلی کے بل عوام کے پہنچ سے باہر پہنچادیئے اب جبکہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی واقع ہوئی ہے تو اسی تناسب سے تمام فیول ایڈجسٹمنٹ واپس لے کر بجلی کے فی یونٹ قیمتوں میں کمی کر کے عوام تک پٹرولیم مصنوعات کمی کے ثمرات پہنچائے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) برصغیر پاک و ہند میں صوفیاء کرام کی خدمات قابل تحسین ہیں ‘ یہی وہ خدا مست درویش تھے جنہوں نے اسلام کی آبیاری کی اور اپنے کردار سے اسلام کی شمع روشن کیں ۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ بائولی شریف صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی نے گزشتہ روز بائولی شریف میں بزرگان بائولی شریف کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کچھ گماشتے اسلام کے تشخص کو بد نام کر رہے ہیں ‘ اور اپنی من پسند تشریحات کر رہے ہیں ‘ جو کہ ناقابل مقبول ہیں ‘ اسلام کی تعلیمات میں کسی قسم کی ردو بدل نہیں ہو سکتی ہے ‘ ہمیں گستاخاں رسول کا تعاقب کرنا ہے ‘ تب ہی ناموس رسالت ۖ کا تحفظ ہو سکتا ہے ‘ انہوں نے کہا کہ مجددیت غیرت کا نام ہے ‘ اور ہمیں امہات المومنین اور صحابہ کرام کی شان کا بھی تحفظ کرنا ہے ‘ اور جن گستاخاں رسول نے حضرت عائشہ صدیقہ کی شان میں گستاخی کی ہے وہ اُن کے مقام سے ہی آگاہ نہیں ۔ ہم حکومت وقت کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ اگر حکومت نے گستاخاں رسول کو لگام نہ دے تو عاشقان رسول ۖ خود لگام دے لیں گے ۔ ہم اپنا احتساب کرنا ہے ‘ کیونکہ نظریہ کے قتل سے بہتر ہے کہ افراد کا قتل ‘ ہم نظریہ اسلام کا قتل نہیں ہونے دیں گے ۔ خطیب اعظم عراق الشیخ عمر سلیم بغدادی نے کہا کہ اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جو امن راہ دیتا ہے ‘ اور امن ہی اس وقت دنیا کی ضرورت ہے ‘ اور ہمیں اسلام کے تشخص کیلئے کام کرنا ہے ‘ غلام احمد قادیانی جیسے گماشتوں کا خاتمہ کرنا ہے ۔ ڈاکٹر ابوالحسن شاہ نے کہا کہ گستاخاں رسول اور قادیانوں کا مکمل بائیکاٹ ہونا چاہیے تب ہی دنیا میں امن و آشتی آ سکتی ہے ۔ اس سے قبل مقررین نے حضرت خواجہ محمد خان عالم رحمتہ اللہ تعالیٰ کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) یوم حضرت مجدد الف ثانی شیخ احمد فاروقی سرہندی کے سلسلہ میں عظیم الشان بارہواں سالانہ مقابلہ حسن نعت دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں منعقد ہوا ‘ جس کی صدارت صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد نقشبندی شرقپوری مجددی سجادہ نشین آستانہ عالیہ شر قپور شریف نے کی ۔ جس میں ضلع بھر کے مختلف سکولوں سے آئے ہوئے طلباء و طالبات نے حصہ لیا ۔ گروپ اے گرلز کلاس ون تا پنجم میں اول عروج چوہدری دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس ‘ دوئم کمالہ شہزادی ورکر زویلفیئر ہائی سکول گجرات ‘ سوئم ہاجرہ ہاشمی حسان ماڈل سکول گجرات ‘ سوئم ثناء شہزادی گلشن سعدیہ ہائی سکول گجرات ‘ گرلز گروپ اے پلس کلاس ششم تا دہم میں ایمان عائشہ دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس ‘ دوئم عصمیٰ نور حسان ماڈل سکول گجرات ‘ سوئم ماہین زاہد گجرات پبلک سکول کڑیانوالہ ‘ چہارم وجہیہ شمشاد ورکرز ویلفیئر گرلز ہائی سکول گجرات ‘ گروپ بی بوائز کلاس ون تا پنجم میں اول فیضان صغیر قائد ماڈل ہائی سکول کالوپورہ ‘ دوئم محمد اُزیر ایوب مہسم فائونڈیشن سکول ‘ سوئم نعمان علی دی ایگز ہائی سکول گجرات ‘ چہارم معیز شعیب جی ایم جی سکول گجرات ‘ گروپ بی پلس کلاس ششم تا دہم بوائز میں اول مقدس ہاشمی گورنمنٹ زمیندار ہ ہائی سکول گجرات ‘ دوئم اسد علی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس ‘ سوئم خاور اویس ڈی ایم جی ککرالی ‘ جب کہ چہارم محمد احسن گجرات پبلک کڑیانوالہ رہیں ‘ جبکہ بالترتیب پانچ ہزار ‘ تین ہزار ‘ دو ہزار اور ایک ہزار کا نقد انعام اور اسناد دیں گی ۔ اس موقع پر ضلع بھر سے اہم شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ججز کے فرائض سید اعجاز شاہ ‘ سید عثمان شاہ ‘ اور احمد فاروق نے سرانجام دیں ۔ مہمانان گرامی ‘ مسز نسیم خالد ‘ محمد سعید بھٹہ ‘ فیض احمد سیٹھی ‘ شاہ رخ شفیق ‘ سید زمان شاہ ‘ محمد دین راجوری ‘ انعام اللہ لاہور ‘ محمد اسحاق بھنڈری و دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) سب سے افضل کلمہ حق کہنا ہے یہ ایمان کا سب سے اول درجہ ہے ‘ حضرت مجدد الف ثانی شیخ احمد فاروقی سرہندی نے جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق کہ کر اسلام کا بول بالا کیا۔ ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد نقشبندی شرقپوری نے دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس بارواں سالانہ مقابلہ حسن نعت کے موقع خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں اور اسلام کی سر بلندی کیلئے کام کرینگے ۔ مجدد الف ثانی کی تعلیمات پر عمل کریں ۔ بعض لوگ غلط تشریحات کر کے اسلام کی شکل بگاڑنے کی کوشش کرتے ہیں ہمیں اس کی رکاوٹ بننا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی )ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ سپین اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی وطن عزیز کے سفیر ہیں جو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ، بیرون ممالک مقیم ان پاکستانیوں کے خاندانوں کو درپیش مسائل کے ازالہ اور انکی جائیداد کے حوالے سے مسائل حل کرنے کے لئے فارن سیل کے قیام سمیت جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سپین کی آئی سی وی پارٹی کے لیڈر ہوگو کلاچو رامیرز(Hugo Colacho Ramirez)اور سپین کے صوبہ کتالونیا کی رکن پارلیمنٹ زارا ولا(Zara Villa)سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اے ڈی سی فاروق رشید سندھو، سپین میں مقیم ممتاز پاکستانی و ٹکٹ ہولڈر برائے پارلیمانی الیکشن سفیان یونس ، شہزاد اکبر، یاسر عرفات، عمر شہزاد گجر، چوہدری خرم، مرزا ندیم بیگ ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی اجاز ت سے ضلعی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبہ میں کام کرنے کے لئے سپین کی این جی اوز، شعبہ تعلیم اور صحت سے وابستہ افراد اور سپین میں مقیم پاکستانیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کرنے کو تیا رہے اور نئے سکولز و ہسپتال بنانے کے لئے زمین فراہم کرنے کو تیا ر ہیں جنہیں مشترکہ طور پر چلایا جا ئے اس کے علاوہ میونسپل سروسز، زراعت کے شعبہ میں بھی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ سال سالانہ سپورٹس فیسٹول کے موقع پر کھیلوں اور کلچرل سرگرمیوں میں شرکت کے لئے سپین اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے تجویز دی کہ سپین کی حکومت وہاں مقیم پاکستانیوں کے خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کی لئے خصوصی طور پر ویز ا پالیسی نرم کرے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایک پرا من قوم ہیں اور وہ ہر قسم کی دہشتگردی اور دہشت گرد تنظیموں کی مذمت کرتے ہیں پاکستان کی مسلح افواج شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے آپریشن کر رہے ہیں انکا کہنا تھا کہ پاک فوج کا یہ آپریشن عالمی امن کے لئے نہایت اہم ہے۔ گجرات کے حوالے سے ڈی سی او نے وفد کو بتایا کہ یہاں شرح خواندگی 70فیصد تک ہے اور ضلع کے رہائشی بڑی تعداد میں سپین اور دیگر یورپی ممالک میں موجود ہیں۔ انہوںنے سپین میں مقیم پاکستانیوں کا خیال رکھنے اور انکے حق میں آواز بلند کرنے پر دونوں معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ مسٹر ر ہوگو کلاچو رامیرز(Hugo Colacho Ramirez)اور سپین کے صوبہ کتالونیا کی رکن پارلیمنٹ زارا ولا(Zara Villa)نے سپین میں مقیم 80ہزار سے زائد پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ سمجھتے ہیں پاکستانی سپین میں جو ٹیکسز ادا کرتے ہیں انکا کچھ حصہ پاکستان بھی آنا چاہیے۔ انہوںنے ڈروں حملوںمیں سویلینز کی ہلاکتوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی کلچر کو دنیا میں متعارف کرانے کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر تجویز دی گئی کہ گجرات اور سپین کے شہر کیرولینا کو براد ر شہر قرار دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی )دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے 60بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز کی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں ، نئے ڈاکٹرز آج سے اپنی ذمہ داریا ں سنبھا ل لیں اور دکھی انسانیت کی بھر پور خدمت کریں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے نئے بھرتی ہونیوالے ڈاکٹر ز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی فاروق رشید سندھو، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حیدر خان، ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری، ڈی ڈی اوایچ ڈاکٹر محمد علی مفتی، پی ایس ا و ندیم بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ دیہی مراکز صحت میں ڈاکٹرز کی قلت سے محکمہ صحت وہاں کے مکینوں کو درست طریقے سے سہولیات فراہم کرنے سے قاصر تھا جبکہ اسکا فائدہ عطائی ڈاکٹرز اٹھا رہے تھے ۔ انہوںنے نوجوان ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں چیلنج سمجھ کر قبول کریں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت انکو درپیش مسائل کے ازالہ کے لئے بھر پور تعاون کریگا خصوصا ان مراکز میں ڈاکٹرز کی رہائشگاہوں کی مرمت اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جبکہ ادویات کی خریداری کے حوالے سے پروسیجر مکمل کیا جا رہا ہے جس کے بعد ادویات کی صورتحال بھی بہتر ہو جائے گی۔ انہوںنے ڈاکٹرز کہا کہ نئے بھر تی ہونیوالے ڈاکٹرز کو انکی پسند کے اسٹیشن یا قریب ترین جگہ پر پوسٹنگ دی گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ابتداء میں آپ کو ایسے مسائل پیش آسکتے ہیں جن کی وجہ سے اپکی حوصلہ شکنی ہو تاہم آپ کو ان پر قابو پانا ہے وہ او ر ای ڈی او ہیلتھ اس مقصد کے لئے بھر پور تعاون کریں گے جبکہ آپ بھی مقامی معززین کی کمیٹی بنا کر مختلف مسائل کے حوالے ان کا تعاو ن حاصل کریں۔ ڈی سی او نے کہا کہ نئے بھرتی ہونیوالے ڈاکٹرز کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور بہتر کارکردگی کے حامل تین ڈاکٹر ز کو ایک ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس ادا کی جائے گی۔ انہوںنے نوجوان ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں ۔ ڈی سی او نے ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ نوجوان ڈاکٹرز کی تنخواہ کے بلا تاخیر اجراء کے لئے پراسیس کو تیز ی سے مکمل کیا جائے۔ اس سے قبل ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجا ز حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہو نا چاہیے ، محکمہ صحت اپکو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے تمام وسائل برئوے کار لائے گا اور ضرورت پڑنے پر ڈاکٹرز کی پوسٹنگ کے حوالے سے ایڈجسٹمنٹ بھی کر دی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی )ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ سپیشل بچوں کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ سپیشل بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں ، وہ ظہور الٰہی اسٹیڈیم گجرات میں گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈیفیکٹو ہیئرنگ سکول گجرات کے زیر اہتمام گجرات اور وزیرآباد کی ٹیموں کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ جس میں سپیشل بچوں نے کرکٹ میچ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور یہ میچ گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈیفیکٹو ہیئرنگ سکول گجرات کی ٹیم نے جیت لیا اس تقریب میں گجرات کے علاوہ گوجرانوالہ ، لاہور سے بھی اعلیٰ افسران اور سپیشل بچوں نے شرکت کی ۔ جن میں اے ڈی سی فاروق رشید سندھو ، ای ڈی او سپیشل ایجوکیشن گوجرانوالہ ڈویژن رائو عبدالرافع ، ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن لاہور شہزاد ہارون بھٹہ، صدر سپیشل ایجوکیشن سپورٹس فاروق اعوان لاہور ، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی ، ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری محمد نواز ، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر محمد عدنان ، چیئرمین زکوة و عشر کمیٹی چوہدری تنویر گوندل ، وائس چیئرمین بیت المال چوہدری ظہور الٰہی ، پی ایس او ندیم بٹ ، ڈی او سوشل ویلفیئر امجد فاروق کلیئر ، پرنسپل ڈیف اینڈ ڈیفکیٹو ہیئرنگ سکول مصباح کوثر ، پرنسپل سپیشل ایجوکیشن سکول راولپنڈی فرزانہ کوثر ، مس سعدیہ سپورٹس انچارج سپیشل ایجوکیشن موجود تھے ۔ اس موقع پر لائنز کلب کے ممبران اور مقامی صنعت کار بھی موجود تھے ۔ ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ جہاں پر ہم جیتنے والی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں وہیں شاندار کارکردگی پر وزیرآباد کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ یہ بچوں کی شاندار کارکردگی ہے کہ وہ اس میدان میں لوگوں کے سامنے عام بچوں کی طرح کھیلے ہم نے سپیشل ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ ڈیف اینڈ ڈیفکیٹو ہیئرنگ سکول میں مقامی صنعت کار چوہدری اعجاز کی وساطت سے ڈیڑھ لاکھ روپے کے جھولے لگائے جا رہے ہیں اور تمام مسائل حل کیے جائیں گے اور اس ادارے کی تمام ٹیچرز جو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ اور تمام کھیلنے والے بچوں کو سپورٹس فنڈز سے ایک ایک ہزار روپیہ دیا جائیگا ۔ ہمارا مقصد ان بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔ ای ڈی او سپیشل ایجوکیشن عبدالرافع نے ادارے کی کارکردگی اور بچوں کی صلاحیتوں کو سراہا ۔ ڈی او سپیشل ایجوکیشن سپورٹس سیل پنجاب لاہور شہزاد ہارون بھٹہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سپیشل ایجوکیشن میں سپورٹس سیل قائم کیا گیا ہے تا کہ بچوں کو سپورٹس کے میدان میں آگے لایا جا سکے اور ہم سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں بچوں کی سپورٹس کی سرگرمیوں کو پروان چڑھائیں گے اور گجرات میں یہ سال کا پہلا فیسٹیول منعقد کیا گیا ہے اس موقع پر بچوں نے مختلف کلچر شو بھی پیش کیے ۔ اس موقع پر مہمانانِ گرامی کو اعزازی شیلڈز اور ونر و رنر اپ ٹیم کو ٹرافیاں و دیگر انعامات بھی دئیے گئے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی )ضلع گجرات میںتین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، 8دسمبر سے 10دسمبر تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران پانچ سال تک عمر کے 4لاکھ 16ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاہم پانچ سال تک عمر کے ہر بچے کو حفاظتی قطروں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور بعد ازاں دو روزہ فالو اپ مہم بھی چلائی جائے گی۔ ، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کمسن بچے کو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا، ا ے ڈی سی فاروق رشید سندھو، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حیدر خاں ، ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری، ڈاکٹر محمد علی مفتی،پی ایس او ندیم بٹ، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری ظہور الہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے محکمہ صحت کی ٹیمیں یقینی بنائیں کہ پانچ سال تک عمر کا کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کااظہار کیا کہ ضلع گجرات پولیو فری ہے تاہم انکا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف علاقوںمیں پولیو کے کیسز کی بڑی تعداد میں تصدیق کے بعد ہمیں مزید سخت محنت کی ضرورت ہے خصوصا دیگر علاقوں سے نقل مکانی کرکے گجرات آنیوالوں، خانہ بدوشوں اور بھٹہ خشت پر مقیم بچوں کو پولیو کے قطروں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانا ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ ماضی میں جو افراد بچوں کو قطرے پلانے سے انکا ر کرتے رہے ہیں ان کے بچوں کو ترجیحا قطرے پلائے جائیں۔ اس سے قبل ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حید ر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کے لئے مجموعی طور پر 822موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 31ٹرانز ٹ پوائنٹس اور 119فکس پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔