فیصل آباد (جیوڈیسک) پولیس نے ناولٹی پل واقعہ میں ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں انصاف اسٹوڈینٹس فیدریشن کے صدر سمیت 250 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کی جانب سے گزشتہ روز فیصل آباد میں ناولٹی پل کے قریب ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کا مقدمہ انصاف اسٹوڈینٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے صدر فرخ حبیب سمیت 34 نامزد اور 250 نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔ پولیس کی جانب سے مقدمہ میں اقدام قتل، دہشت گردی اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انتخابی دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے فیصل آباد میں احتجاج کے دوران مسلم لیگ(ن) اورپی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں تحریک انصاف کا کارکن جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے تھے جب کہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنااللہ اور وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی سمیت 300 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔