کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک میں جاری دھرنوں کے باعث تجارتی ‘ معاشی اور اقتصادی سرگرمیاں منجمد ہوکر رہ گئی ہیں اور قوم معاشی بحران سے دوچار ہونے کے علاوہ ٹریفک جام سمیت دیگر تکالیف اور اذیتناک مسائل سے گزر رہی ہے مگر انقلاب و نجات کے نام پر دھرنے دینے والوں کو قوم کی اس اذیتناک کیفیت سے کوئی سروکار ہے اور نہ ہی دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آنے والے ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں سنجیدہ ‘ محبانہ ‘ آئینی اور قانونی و جمہوری طرز عمل اختیار کرنے کیلئے تیا ر ہیں یہی وجہ ہے کہ جس طرح ہاتھیوں کی لڑائی میں کھیت برباد ہوتا ہے اسی طرح اقتدار کے اس کھیل میں ملک و قوم کی ترقی ‘ خوشحالی اور استحکام داو پر لگے ہیں۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی نے کہا کہ پرانے پاکستان کو لوٹنے ‘دھاندلی کے ذریعے اقتدار پانے والے اور انقلاب کا نعرہ لگانے کے ساتھ نیا پاکستان بنانے کیلئے موجودہ پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجانے والے عقل و ہوش کے ناخن لیں اور ملک وقوم پر رحم کریں جبکہ قومی مفاد کے پیش نظر مشرف کے دیئے فارمولے کے تحت تیں سال کیلئے فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ”قومی حکومت“ تشکیل دیکر روشن پاکستان پارٹی کے پیش کردہ فارمولے پر عمل کرتے ہوئے آئینی ضمانت کے ساتھ ”مقامی خود مختاری “ کے تحت شفاف وغیر جانبدارانہ انتخابات کراکر ملک وقوم کا مستقبل محفوظ بنانے میں اپنا ذمہ دارانہ ‘ محبانہ اور عوام دوست کردار ادا کریں۔