عدالت نے لاہور بند کرنے کے اعلان پر سکیورٹی پلان آج طلب کر لیا

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کے 15 دسمبر کو لاہور بند کرنے کے اعلان پر لاہور کا سکیورٹی پلان آج طلب کرلیا ہے۔ جسٹس خالد محمود نے ریمارکس دیے ہیں کہ حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی چاہیے، کیا اس طرح حکومتیں چلتی ہیں ؟ حکومت نہیں چلتی تو گھر چلے جائیں۔ انجمن تاجران لاہور نے عمران خان کی کال کے خلاف جان و مال کے تحفظ کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے فیصل آباد کے واقعے اور عمران خان کی آئندہ کال پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چار ماہ سے خوف کی فضا ہے۔ اگر سول وار ہوئی تو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ بینچ کے سربراہ جسٹس خالد محمود نے ریمارکس دیے کہ پہلے لاہور میں 13 افراد جاں بحق ہوئے، فیصل آباد میں ایک مرگیا ۔ بدامنی پھیلتی جارہی ہے۔

قوم کو دھوکے میں نہ رکھا جائے ۔پہلے بھی آدھا ملک گنوا چکے ہیں۔ عدالت نے عمران خان کے 15دسمبر کو لاہور بند کرنے کے اعلان پر لاہور کا سکیورٹی پلان آج طلب کرلیا۔