ممبئی (جیوڈیسک) جرمن نژاد بھارتی اداکارہ ایولین شرما جو بالی ووڈ میں عام سے رومانوی کردار ادا کرنیوالی اداکارہ کے طور پر پہچانی جاتی ہیں پہلی مرتبہ اپنے ماضی میں کیے جانے والے کرداروں سے الگ رول میں جلوہ گر ہونے جارہی ہیں بتایا گیاہے کہ وہ پہلی مرتبہ بالی ووڈ فلم ’’عشق داریاں‘‘ میں لیجنڈ اداکار متھن چکرورتی کے بیٹے مہاکشے چکرورتی کے ساتھ دیسی لڑکی کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔
اس سلسلہ میں ا داکارہ کا کہنا ہے کہ لوگوں نے مجھے ہمیشہ دکھاوے والے اور مغرب زدہ کرداروں میں دیکھا ہے مگر اب آنیوالی فلم میں دیسی لڑکی کا کردار نہ صرف میرے لیے بلکہ مداحوں کے لیے بھی دلچسپ ہوگا ۔اپنے کردار کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ایولین نے کہا کہ فلم ’’عشق داریاں‘‘ میں میرا کردار ہماچل پردیش کی ایک لڑکی کا ہے اور میں اس میں بھارت کے لیجنڈ اداکار متھن چکرورتی کے بیٹے مہاکشے چکرورتی کے ساتھ ہیروئن کا کردار اداکررہی ہوں۔
فلم میں مغربی طرز کے ڈانس کے بجائے مہاکشے کے ساتھ بھارت کے روائتی رقص پر بھی اپنی پرفارمنس دکھارہی ہوں جو دیکھنے والوں کو پسند آئے گی بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی عکس بندی کافی حد تک مکمل ہوچکی ہے اور ان دنوں اس کی پوسٹ پروڈکشن کا کام جاری ہے اور اسے آئندہ برس سینما گھروں کی زینت بنایا جا رہا ہے۔
دریں اثنا ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ کا کہنا تھا کہ بھارت سے باہر لوگ بالی ووڈ کو میوزیکل ، کامیڈی اور ڈراموں کی وجہ سے جانتے ہیں مگر یہاں آکر معلوم ہوتا ہے کہ بھارت میں بہت سے ہندی سینما ہیں اور یہاں صرف روائتی ہی نہیں بلکہ ہر طبقے کی دلچسپی کو مد نظر رکھ کر فلمیں بنائی جاتی ہیں اس کی بڑی مثال گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’’دی لنچ باکس‘‘ ہے جسے جرمنی میں بھرپور پذیرائی ملی۔
واضح رہے کہ ایولین شرما فلم ’’کچھ کچھ لوچا ہے‘‘ میں اداکارہ سنی لیون کے ساتھ بھارتی جرمن لڑکی کا کردار بھی نبھا رہی ہیں اور اس فلم کو بھی آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا جب کہ ان کی تھرلر فلم ’’دننک‘‘ کی شوٹنگ بھی جلد ہی شروع ہو جائے گی۔