لاہور (جیوڈیسک) سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے چہلم حضرت امام حسین علیہ سلام اورعرس داتا علی ہجویری کے سلسلہ میں پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ ، خیمہ سادات ، داتادربار،موچی گیٹ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اورمرکزی روٹس کا جائزہ لیا۔سی سی پی او کا کہنا تھا کہ لاہور میں چہلم امام حسین علیہ سلام اور عرس داتا علی ہجویری کے موقع پر روٹس پر ٹاپ روف نفری تعینات کی جائے گی۔
بیرئیرز، خار دار تار، سراغ رساں کتے ،میٹل ڈی ٹیکٹرز، واک تھرو گیٹس کا استعمال جبکہ جسمانی تلاشی لے کر عرس یا جلوس میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرصدارت پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں اجلاس ہواجس میں انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز ہوں گے۔ کرایہ داروں کے کوائف کی مکمل چیکنگ کی جائے گی۔ تمام روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جن کی 24گھنٹے مانیٹرنگ کے لئے سپیشل کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔