ہائیکورٹ :آلودگی پر محکمہ ماحولیات، لاہور چیمبر سے جواب طلب

High Court

High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے صوبائی دارالحکومت کو آلودگی سے پاک کرنے اور آلودگی پھیلانے میں ملوث فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست پر پنجاب حکومت، محکمہ ماحولیات اور لاہور چیمبر آف کامرس سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ماحولیاتی آلودگی سے متعلق دیگر درخواستوں کو بھی یکجا کر کے سماعت کیلئے پیش کرنیکی ہدایت کی۔ ہائیکورٹ نے آٹو گن کے ذریعے پرندوں کے شکار پر پابندی کی درخواست نمٹاتے ہوئے سیکرٹری وائلڈ لائف کو گن کے استعمال کا تنازع حل کرنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے قانون وضع ہونے تک چیتوں کے پرمٹ کی نگرانی کا اختیار وائلڈ لائف کمیشن کو دیدیا۔ ہائیکورٹ نے عائشہ احد ملک کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے دائر درخواست پر ایس پی کینٹ سے 11 دسمبر تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ ہائیکورٹ کے روبرو ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمیدکی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست میں حکومت کی جانب سے جواب داخل کرا دیا گیا جبکہ فاضل عدالت نے وزارت پٹرولیم سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 27 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار کے و کیل کا کہنا تھا کہ ان کی تعیناتی قواعد و ضوابط سے ہٹ کر کی گئی۔