رواں سال ٹریفک حادثات میں 5729 افراد جاں بحق ہوئے

Traffic

Traffic

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت کی عدم توجہ کے باعث 2014 میں ٹریفک حادثات میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے رواں سال کے پہلے گیارہ ماہ میں اب تک پنجاب میں 1 لاکھ 84 ہزار 7 سو 90 ٹریفک حادثات پیش آئے ان حادثات میں 2 ہزار 3 سو 14 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، 3 ہزار 4 سو 15 افراد ہسپتال میں پہنچ کر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 95 ہزار 50 افراد زندگی بھر کے لیے معذور ہو گئے۔ سب سے زیادہ 260 ہلاکتیں لاہور میں ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، حکومتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب میں روزانہ 5سو کے قریب ٹریفک حادثات ہوتے ہیں۔ حکومتی سطح پر ان ٹریفک حادثات کو کم کرنے کے لیے کوئی انتظامات نہیں کئے جا رہے۔ کئی علاقوں میں سٹرکوںکے موڑاور کٹ اس طرح کے ہیں جو ٹریفک حادثات کا سبب بنتے ہیں۔

ہلاکتوں میں دوسرا نمبر گوجرانوالہ کا ہے جہاں پر 205 افراد ہلاک، تیسر ے نمبر پر فیصل آباد جہاں 167 ہلاکتیں ہوئیں، چوتھے نمبر پرساہیوال جہاں پر 134 افراد ہلاک، ڈیرہ غازی خان میں 120 افراد ہلاک ہوئے۔ اس حوالے سے ڈی جی ریسکیو رضوان نصیر کا کہنا ہے کہ ہم گاہے بگاہے ٹریفک حادثات بارے آگاہی مہم چلاتے رہتے ہیں۔ پنجاب میں ٹریفک حادثات زیادہ تر اوور سپیڈ، بے احتیاطی اور غلط یو ٹر ن لینے سے پیش آتے ہیں۔