بھارتی اقدام سے پاکستانی کاٹن ایکسپورٹ میں‌ مزید کمی کا خدشہ

India, Pakistan

India, Pakistan

کراچی (جیوڈیسک) بھارت نے اپنی سوتی دھاگے اور روئی کی برآمدات میں فوری اضافے کے لئے اپنے برآمد کنندگان کے لئے ایکسپورٹ رجسٹریشن فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستانی کاٹن ایکسپورٹ میں مزید کمی کا خدشہ جبکہ بھارتی کاٹن ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافے کا امکان ہے۔ چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ رواں سال چین کی جانب سے کاٹن درآمدات میں غیر معمولی کمی کے باعث دنیا بھر میں مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے لیکن بھارتی حکام کے انتہائی بروقت اقدامات کے باعث بھارتی کاٹن ایکسپورٹ میں دیگر ممالک کے مقابلے میں کافی بہتری دیکھی جا رہی ہے جبکہ پاکستان نے ابھی تک نہ تو بھارت سے سوتی دھاگے کی درآمد پر پابندی عائد کی ہے اور نہ ہی درآمدی ڈیوٹی میں کسی اضافے کا اعلان کیا ہے

جبکہ بھارت نے پاکستان کو سوتی دھاگہ برآمد کرنے والے اپنے ایکسپورٹرز کے لئے 5فیصد اضافی مراعات کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث بھارت سے بڑے پیمانے پر پاکستان میں سوتی دھاگے کی درآمد کے باعث پاکستانی کاٹن انڈسٹری رو بہ زوال ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری اپنی حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث جی ایس پی پلس سٹیٹس کا بھی خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چا ہیے کہ وہ بھی پاکستانی کاٹن ایکسپورٹرز کے لئے اضافی مراعات کے اعلان کے ساتھ ساتھ ٹی ڈیپ اور سٹیٹ بنک میں رجسٹریشن والی شرط فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کرے۔