دو خاندانوں کی جمہوریت سے قوم اب واقف ہوچکی ہے

PTI

PTI

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) دو خاندانوں کی جمہوریت سے قوم اب واقف ہوچکی ہے ایسی جمہوریت سے آمریت ہزادرجہ بھلی کی آوازیں اب زبان زد عام ہونے لگی ہیں۔

مہذب معاشروں کی جمہوریت عوام الناس کے تحفظ کی ضامن ہوتی ہے جبکہ وطن عزیز میں چند شخصیات نے اپنے مفادات کو خطرات کے پیش نظر انسانیت کی دھجیاں اڑانا وتیرہ بنا لیاہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے توسط سے دنیا بھر کے انسان پاکستانی جمہوریت کے نام نہاد داعیوں کے رویوں اور طرزعمل سے بخوبی آگاہ ہورہی ہے جبکہ ملک میں ہر شخص پریشانی میں مبتلا ہے حکمرانوں اور ان کے حواریوں نے ملک میں امن سکون تباہ کردیا ہے۔

جمہوریت کے نام پر اقتدار کو چمٹے رہنے کی خواہش میں دیوانے ہونے والوں نے لوگوں کی آزادی اظہار رائے کو بھی چھین لیا ہے جبکہ حکمرانوں کی نام نہاد کارکردگی پر احتجاج کرنے والوں کے گلے گھونٹے جارہے ہیں ،اس طرح کی جمہوریت نے حقیقی جمہوریت کا چہرہ مسخ کردیا ہے اور لوگ مجبور ہو کر آمریت کو پکارنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہی ملک میں حقیقی جمہوریت لائے گے جس میں ہر شخص کو برابری کی بنیاد پر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گااور قانون کی نظر میں سب برابر ہوں گے۔ دو خاندانوں کی باریوں کو جمہوریت کا نام دینے والوں کو قوم اب پہچان چکی ہے اور ان سے نجات چاہتی ہے۔