کراچی (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ احتجاج کیلئے ایم کیو ایم سے رابطہ کرنا نہ کرنا تحریک انصاف کا مسئلہ ہے لیکن 12 دسمبر کو کراچی میں تاریخی احتجاج ہو گا۔
کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے عقل کے ناخن لئے تو کراچی میں فیصل آباد کی تاریخ نہیں دہرائی جائے گی۔ فیصل آباد میں اگر رانا ثنا اللہ اور عابد شیر علی جیسے لوگ نہ ہوتے تو ہم تقریریں کر کے واپس آجاتے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے نابینا لوگوں کوبھی نہیں چھوڑا۔
اگر شریف برادران نے عقل کا مظاہرہ نہ کیا تو 15 دسمبر کو لاہور میں یوم سیاہ ہوگا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین، بابرغوری اورخالد مقبول صدیقی سے شروع ہی سے اچھے تعلقات ہیں، ایم کیو ایم کو تحریک انصاف کے احتجاج کیلئے بڑے دل کامظاہرہ کرنا چاہیئے کیونکہ ایم کیو ایم اپوزیشن میں ہے ، اب پیپلز پارٹی کو بھی میدان میں آنا ہوگا۔
اگر آصف زرداری نے ایسا نہ کیا تو پیپلز پارٹی پنجاب میں تباہ ہوجائے گی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں ایم کیو ایم کے مرکز نہیں جاؤں گا ، رابطہ نہ کرنا تحریک انصاف کا مسلہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت تحریک انصاف سے مذاکرات لاہور کے احتجاج کے نتائج کا انتظار کر رہی ہے۔